ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بہار میں این ڈی اے میں ختم ہوئی رسہ کشی، سیٹوں کی ہوئی تقسیم ، کوئی بڑابھائی نہیں بنا، رام ولاس پاسوان کو راجیہ سبھا بھیجنے کا اعلان

بہار میں این ڈی اے میں ختم ہوئی رسہ کشی، سیٹوں کی ہوئی تقسیم ، کوئی بڑابھائی نہیں بنا، رام ولاس پاسوان کو راجیہ سبھا بھیجنے کا اعلان

Sun, 23 Dec 2018 20:27:17    S.O. News Service

نئی دہلی،23دسمبر(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)  بہار میں این ڈی اے اتحاد میں تذبذب اب ختم ہوگیا ہے۔ یہاں بہار لوک سبھا انتخابات کے لیے پارٹیوں کی سیٹوں کا حساب کتاب صاف ہو چکا ہے۔بی جے پی صدر امت شاہ کے گھر اتوار کو جے ڈی یو، ایل جے پی رہنماؤں کے ساتھ ملاقات کی گئی۔اجلاس کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔پریس کانفرنس میں تینوں پارٹیوں میں سیٹوں کی تقسیم کو لے کراعلان کیا گیا۔

بی جے پی صدر امت شاہ نے اس کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ بہار کی 40 لوک سبھا سیٹوں میں سے 17 پر بی جے پی، 17 پر جے ڈی یو اور چھ پر لوک جن شکتی پارٹی الیکشن لڑے گی۔تاہم کس پارٹی کو کون سی نشست دی جائے گی اس پر کوئی فیصلہ نہیں ہوا ہے۔شاہ نے کہا کہ اس معاملے پر تینوں پارٹیوں کے لیڈر ایک بار پھر ساتھ بیٹھ کر بات چیت کریں گے۔پریس کانفرنس میں نتیش کمار نے کہاکہ اب یہ طے ہو گیا ہے کہ ہم سب مل کر کام کریں گے اور کسی بھی مسائل پر بیٹھ کر بات کریں گے۔رام ولاس پاسوان راجیہ سبھا جائیں گے۔جہاں بھی پہلے انتخابات ہوگا وہیں سے انہیں راجیہ سبھا بھیجا جائے گا۔بی جے پی کا شکریہ کہ انہوں نے پاسوان کی خواہش کا خیال کیا۔

2009 میں بی جے پی اور جے ڈی یو کا اتحاد تھا، تب پورے ملک میں صرف بہار میں ہی این ڈی اے کو 40 میں سے 32 سیٹیں ملی تھی۔اس بار امید ہے کہ 2014 سے ہی نہیں بلکہ 2009 سے بھی بہتر نتائج آئیں گے۔

بتا دیں کہ گزشتہ لوک سبھا انتخابات کی طرح اس بار بھی سات سیٹوں کے مطالبے پر اڑی لوک جن شکتی پارٹی نے بہار میں این ڈی اے کے درمیان سیٹ تقسیم کو آئندہ 31 دسمبر تک حتمی شکل دیئے جانے کی مانگ کی تھی۔رہنما چراغ پاسوان نے ٹویٹ کرکے بی جے پی اور این ڈی اے پر سوال اٹھائے تھے۔انہوں نے کہا تھاکہ ٹی ڈی پی اور رالوسپا کے این ڈی اے اتحاد سے جانے کے بعد این ڈی اے اتحاد نازک موڑ سے گزر رہا ہے۔ایسے وقت میں بھارتیہ جنتا پارٹی اتحاد میں فی الحال باقی ساتھیوں کے خدشات کو وقت رہتے احترام سے طریقے سے دور کیا جائے۔ساتھ ہی انہوں نے کہا تھاکہ اتحاد کی نشستوں کو لے کر کئی بار بھارتیہ جنتا پارٹی کے لیڈروں سے ملاقات ہوئی لیکن ابھی تک کچھ ٹھوس بات آگے نہیں بڑھ پائی ہے۔اس موضوع پر بات نہیں بنی تو اس سے نقصان بھی ہو سکتا ہے۔


Share: